صیہونی فوج نے بنایا غزہ میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ
- 20, مارچ , 2025
نیوز ٹوڈے : غزہ میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر پر صیہونی فوج کے حملے میں اقوام متحدہ کا ایک رکن ہلاک اور 5 زخمی ہو گۓ ـ "عرب میڈیا " کی دی گئی رپورٹ کے مطابق غزہ کی وزارت صحت کی طرف سے جاری کیے گۓ بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر (دیر البلاح کے شہداء الاقصٰی ہسپتال) میں پہنچایا گیا ـ جہاں پر ایک زخمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا ـ صیہونی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اس نے غزہ میں اقوام متحدہ کے کسی بھی دفتر کو نشانہ نہیں بنایا اس لیے میڈیا والے غیر مصدقہ خبریں نشر کرنے سے پرہیز کریں ـ
عرب اور بین الاقوامی میڈیا کی طرف سے جاری کی گئی تصویروں اور ویڈیوز میں ایمبولینس اور اقوام متحدہ کی گاڑی میں اسرائیلی حملے میں زخمی ہونے والے غیر ملکیوں کو ہسپتال لاتے ہوۓ دیکھا جا سکتا ہے ـ غزہ کے سرکاری دفتر نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے اسرائیل کی گھناؤنی سازش قرار دیا ہے جس کا مقصد اقوام متحدہ اور دوسرے امدادی اداروں کو معصوم فلسطینیوں کی مدد سے روکنا ہے ـ غزہ کے سرکاری میڈیا کے دفتر کی جانب سے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل کے اس جرم پر واضح اور سخت مؤقف اختیار کیا جائے اور اسرائیل سے اس کا جواب طلب کیا جاۓ ـ

تبصرے