غزہ قتل گاہ بن چکا ہے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس
- 09, اپریل , 2025
نیوز ٹوڈے : اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری (انتونیو گوتریس) نے منگل کے دن میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہینے سے اوپر کے عرصے کے دوران غزہ میں امداد کا ایک قطرہ بھی نہیں پہنچ سکا ـ خوراک ، ایندھن ، ادویات اور نہ ہی تجارتی سامان ، غزہ میں کچھ بھی داخل نہیں ہو سکا ـ اور امداد کی رکاوٹ کے ساتھ ہی غزہ میں ہولناکیوں کے دروازے ایک مرتبہ پھر کھل گۓ ہیں ـ اقوام متحدہ کے سیکرٹری نے جنیوا کنوینشنز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اسرائیلی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ کے عام شہریوں کو خوراک اور طبی سہولیات فراہم کرے لیکن ایسا کچھ نہیں ہو رہا ـ
انتونیو گوتریس نے غزہ کو امدادی سامان کی فراہمی کیلیے بناۓ گۓ نۓ اسرائیلی نظام پر تنقید کرتے ہوۓ کہا کہ یہ محض امداد کو محدود کرنے کی کوشش ہے ـ اقوام متحدہ کے سیکرٹری نے کہا کہ ہم کسی ایسے نظام میں شامل نہیں ہوں گے جو انسانی ہمدردی کے اصولوں کے منافی ہو ـ واضح رہے کہ ایک اسرائیلی فوجی ایجنسی (گوگاٹ) نے دعوٰی کیا ہے کہ اقوام متحدہ اور امدادی اداروں کے ساتھ مل کر غزہ میں امدادی سامان کی فراہمی اور نگرانی کیلیے ایک نیا نظام تجویز کیا ہے تاکہ امدادی سامان غزہ کے عام شہریوں کو پہنچ سکے نہ کہ حماس کو ـ

تبصرے