امریکی صدر نے ہارورڈ یونیورسٹی کو حاصل ٹیکس میں چھوٹ بھی ختم کر دی
- 17, اپریل , 2025
نیوز ٹوڈے : امریکی حکومت نے (ہارورڈ یونیورسٹی) کو ٹیکس سے بھی چھوٹ نہ دینے کا حکم جاری کر دیا ـ "بین الاقوامی میڈیا" کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر (ڈونلڈ ٹرمپ) کی انتظامیہ نے انٹرنل ریونیو سروس کو حکم جاری کردیا کہ ہارورڈ یونیورسٹی کو ٹیکس میں دی جانے والی رعایت ختم کر دی جائے ـ امریکی صدر اس سے قبل ہی ہارورڈ یونیورسٹی کو ملنے والی 2 ارب ڈالر سے زائد کی وفاقی گرانٹ بند کر چکے ہیں ـ ٹرمپ کی انتظامیہ نے مطالبہ کیا تھا کہ یونیورسٹی سے یہود مخالفت کے خاتمے کیلیے ہارورڈ یونیورسٹی ملازمین کی بھرتی ، داخلوں اور نظام تعلیم کے عمل میں تبدیلیاں لاۓ ـ
یونیورسٹی کے صدر نے وہائٹ ہاؤس پر یونیورسٹی کے قبضے کا الزام لگاتے ہوۓ امریکی صدر کا حکم ماننے سے انکار کر دیا تھا ـ جس کے بعد حکومت نے ہارورڈ یونیورسٹی کے خلاف یہ سخت اقدامات کیے ـ امریکی قانون کے مطابق امریکہ کے خیراتی ، مذہبی ، تعلیمی اور سوشل ویلفئر کے اداروں کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہے لیکن ان پر سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے پر بھی پابندی عائد ہے ـ ماہرین کے مطابق ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ان قوانین کی خلاف ورزی کے شواہد نہیں ملے اس لیے "آئی آر ایس" کو اس معاملے سے الگ ہی رہنا چاہیے ـ

تبصرے