اسرائیل نے بفر زون پر قبضہ کرکے شام کی سلامتی کو نقصان پہنچایا: سعودی عرب
- 10, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : شام کی صورت حال پر غور کرنے کے لیے روس کی درخواست پر سلامتی کونسل نے شام میں باغیوں کے قبضے کے بعد کی صورت حال پر غور کے لیے ایک بند کمرے کا اجلاس منعقد کیا۔اسرائیلی مندوب نے سلامتی کونسل کو ایک خط میں لکھا کہ گولان کی پہاڑیوں پر اسرائیلی کارروائیاں محدود اور عارضی ہیں۔
اسرائیلی مندوب نے اپنے خط میں لکھا کہ اسرائیل شام میں مسلح گروہوں کے درمیان لڑائی میں مداخلت نہیں کر رہا اور ہمارے اقدامات ہماری اپنی سلامتی کے لیے ہیں۔سعودی عرب نے اجلاس میں کہا کہ اسرائیل نے بفر زون پر قبضہ کرکے شام کی سلامتی کو نقصان پہنچایا ہے۔
واضح رہے کہ بشارالاسد کے خاتمے کے بعد شام کے سابق صدر اور ان کے اہل خانہ کو روسی صدر پیوٹن نے ماسکو میں پناہ دی تھی جب کہ ایرانی حکومت نے بھی شام کی نئی قیادت سے رابطے کیے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ فاتح شامی افواج کا ایران کے ساتھ رویہ شام ایران تعلقات کا تعین کرے گا۔دریں اثناء متحدہ عرب امارات نے شام کی ریاستی سالمیت اور اتحاد پر زور دیتے ہوئے شامی فریقوں سے حکمت اور سمجھداری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔
حماس نے شامی عوام کو آزادی اور انصاف کی جدوجہد میں کامیابی پر مبارکباد دی جبکہ لبنانی تنظیم حزب اللہ نے شام میں تبدیلی کو خطرناک قرار دیا۔کینیڈا نے بشارالاسد حکومت کے خاتمے کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ برطانیہ، فرانس، جرمنی، آسٹریا اور یونان نے شامی پناہ گزینوں کی درخواستوں پر کارروائی روک دی ہے۔

تبصرے