دبئی کی عدالت نے بھارتی شہریوں کو لوٹنے پر 4 پاکستانیوں کو سزا سنا دی
- 24, دسمبر , 2024
نیوز ٹوڈے : دبئی میں پولیس کی وردی پہن کر بھارتیوں کو لوٹنےو الے پاکستانیوں کو 10 لاکھ درہم جرمانہ اور دو دو سال قید کی سزا سنا دی گئی - "عرب میڈیا" کی دی گئی رپورٹ کے مطابق دبئی کے "الرفا پولیس اسٹیشن" کے ایریا میں جاری سال کے مارچ کے مہینے میں کچھ شہریوں کو 2 پولیس والوں نے اغوا کرکے لوٹ لیا تھا - جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ یہ واردات کسی پولیس والے نے نہیں کی بلکہ یہ کارنامہ بہروپیوں نے سرانجام دیا ہے - دبئی کی پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں اور مجرموں کے خاکوں کی مدد سے کارروائی کی اور 4 افراد کو گرفتار کر لیا - چاروں ملزمان کا تعلق پاکستان سے تھا ـ ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوۓ بتایا کہ بھارتیوں کے پاس بھاری رقم کی موجودگی کے بارے میں ان کو بھارتیوں کے ڈرائیور نے بتایا جو کہ ملزمان کے گینگ کا نمائندہ تھا -
ملزمان نے بتایا کہ ایک کالے رنگ کی کار میں ہم نے بھارتیوں کا تعاقب کیا اور "المنخول" کے علاقے میں دو ساتھیوں نے پولیس کی وردی میں بھارتیوں کی کار کی تلاشی لی - ملزمان کے مطابق دونوں بھارتیوں کو الگ الگ گاڑیوں میں لے جا کر ان پر تشدد کیا اور ان سے ساری رقم لے لی ـ 5 مجرموں میں سے ایک ڈرائیور تھا دو نے پولیس کی وردی پہنی اور ایک اس ساری کارروائی کا پلانر تھا جبکہ ان میں سے پانچویں نےاس واردات سے لاتعلقی ظاہر کی - عدالت نے شواہد اور اعتراف جرم پر 4 ملزمان کو د ودو سال کی قید اور اڑھائی اڑھائی لاکھ درہم جرمانے کی سزا سنا دی - جبکہ پانچویں ملزم کو ثبوت نہ ہونے کے باعث رہا کر دیا ـ سزا مکمل ہوتے ہی چاروں ملزمان کو دبئی سے نکال دیا جاۓ گا -

تبصرے