ٹرمپ انتظامیہ کو ایک اور جھٹکا، جج نے بڑا فیصلہ سنا دیا۔
- 29, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، ایک وفاقی جج نے وفاقی پروگرامز کی فنڈنگ روکنے کے حکم پر عمل درآمد روک دیا۔ایک بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے حکم سے بے گھر اور ریٹائرڈ فوجی متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔
وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق شہریوں کے لیے جاری انفرادی امدادی پروگرام کو نہیں روکا گیا۔ اطلاعات کے مطابق ریپبلکن پارٹی پر کشیپ پٹیل کی ایف بی آئی ڈائریکٹر نامزدگی کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے، ریپبلکن پارٹی کے 23 سابق عہدیداروں نے نامزدگی مسترد کرنے کے لیے سینیٹ ارکان کو خط لکھا ہے۔ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کشیپ پٹیل نامزدگی کے اہل نہیں ہیں اور ملک کی سالمیت کو خطرے میں ڈالیں گے۔
دوسری جانب ٹرمپ پیٹرو تنازع کے بعد امریکی ملک بدری کی پروازیں کولمبیا پہنچ گئیں۔دونوں ممالک کے درمیان ایک بڑے سفارتی تنازع کے بعد، تارکین وطن کو امریکہ سے کولمبیا ملک بدر کرنے والی پہلی پروازیں دارالحکومت بوگوٹا پہنچ گئی ہیں۔
کولمبیا کی حکومت نے منگل کو تصدیق کی کہ تارکین وطن کو لے جانے والے دو طیارے اترے ہیں۔ جہاز میں کل 201 تارکین وطن سوار تھے جن میں 110 کیلیفورنیا اور 90 ٹیکساس سے تھے۔کولمبیا نے ہفتے کے آخر میں تارکین وطن کو لے جانے والے امریکی فوجی طیاروں کو یہ کہتے ہوئے مسترد کر دیا تھا کہ ان کے مسافروں کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک نہیں کیا جانا چاہیے۔
مبینہ طور پر لاطینی امریکہ جانے والی کچھ پروازوں میں تارکین وطن کو ہتھکڑیاں لگا کر لے جایا گیا۔وائٹ ہاؤس کے ایک بیان کے مطابق کولمبیا تارکین وطن کو بغیر کسی رکاوٹ کے قبول کرے گا، اور امریکہ نے اب کولمبیا پر پابندیاں اور محصولات کو روک دیا ہے۔

تبصرے