پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی پہنچنے والی امریکی خاتون کا واپس آنے سے انکار، ایئرپورٹ پر ہنگامہ
- 29, جنوری , 2025
نیوز ٹوڈے : پاکستانی نوجوان کی محبت میں کراچی پہنچنے والی خاتون نے امریکا واپس آنے سے انکار کردیا۔ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق محبت میں ناکامی پر مایوس خاتون نے کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامہ برپا کردیا۔ امریکی خاتون نے پہلے امیگریشن سے گزرنے سے انکار کیا اور پھر ڈیپارچر لاؤنج میں جہاز میں سوار نہیں ہوئی۔ خاتون کراچی ایئر پورٹ پر بہانے بنا کر امریکا واپس جانے سے بچنے کی کوشش کرتی رہی۔ دل شکستہ خاتون کو پرواز کیو آر 611 سے دوحہ کے راستے نیویارک جانا تھا۔
پولیس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس امریکی خاتون کو حفاظتی تحویل میں ڈیپارچر لاؤنج میں لے گئی تاہم خاتون نے طیارے میں سوار ہونے سے انکار کردیا اور طیارے میں سوار ہونے کی کوششوں کے باعث پرواز 36 منٹ تاخیر کا شکار ہوگئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی ایس او پیز کے باعث مسافر کو زبردستی پرواز میں سوار نہیں کیا جا سکتا۔
خیال رہے کہ اونیجا اینڈریو رابنز کو کراچی کے علاقے گارڈن کے رہائشی 19 سالہ ندال میمن سے محبت ہوئی تھی اور سوشل میڈیا پر پیار کرنے والی دو بچوں کی ماں 11 اکتوبر کو کراچی پہنچی تھی۔19 سالہ نوجوان امریکی خاتون سے شادی کے لیے تیار تھا لیکن اس کے گھر والوں نے اس سے شادی کرنے سے انکار کر دیا۔
امریکی خاتون کئی ماہ تک کراچی میں پھنسی رہی اور پھر اس کی واپسی کا ٹکٹ ختم ہوگیا۔ وزٹ ویزہ ختم ہونے کے بعد اے ایس ایف نے امریکی خاتون کو کراچی شہر جانے کی کوشش کرنے پر ائیرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا۔
ایک این جی او نے خاتون کو امریکہ واپس جانے کا ٹکٹ فراہم کیا اور مالی مدد بھی کی۔امریکی خاتون کو سردی اور فلو کی وجہ سے ایئرپورٹ کے ایمرجنسی کلینک میں داخل کرایا گیا تھا۔

تبصرے