ائیرپورٹ بم کی دھمکی موصول، خوف و ہراس پھیل گیا

سکیورٹی ہائی الرٹ

نیوز ٹوڈے :    شمس آباد ایئرپورٹ پر بم کی دھمکی ملنے کے بعد بھارت میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ جس کے بعد سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جھوٹے بم الرٹ سے سنسنی اور خوف و ہراس پھیل گیا۔ سائبرآباد پولیس کنٹرول روم کو ایک نامعلوم فون کال موصول ہوئی، جس میں ہوائی اڈے پر بم رکھا گیا تھا۔ اس اطلاع کے فوراً بعد ہوائی اڈے کی فورسز نے سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا۔

اطلاعات کے مطابق ایئرپورٹ کے اطراف میں بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن کیا گیا تاہم تحقیقات کے بعد یہ معلومات غلط ثابت ہوئیں۔ پولیس نے اس سلسلے میں کہا کہ کال تلنگانہ کے ضلع کاماریڈی سے کی گئی تھی اور مزید کہا کہ کال کرنے والے کی ذہنی حالت نارمل نہیں تھی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھارت کی قدیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو بم سے حملے کی دھمکی ملی تھی جس کے بعد انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی تھی۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو اس ماہ کے شروع میں ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی تھی جس میں 200,000 روپے کی ادائیگی کا مطالبہ کیا گیا تھا اور مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں یونیورسٹی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی تھی۔

اس دھمکی آمیز ای میل سے یونیورسٹی انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی اور فوری طور پر پولیس اور دیگر حکام کو اطلاع دی گئی۔ پولیس، انسداد دہشت گردی کی ٹیم اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے یونیورسٹی پہنچ کر جامعہ کی مکمل تلاشی لی تاہم کوئی دھماکہ خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔

اس حوالے سے ڈی ایس پی نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی جس میں رقم کا مطالبہ کیا گیا تھا اور رقم نہ دینے پر یونیورسٹی انتظامیہ کو بم سے اڑا دینے کی دھمکی دی گئی تھی۔

 

user

تبصرے

بطور مہمان تبصرہ کریں:
+