ڈونلڈ ٹرمپ نے لمبے عرصے تک غزہ پٹی کا کنٹرول سنبھالنے کا اعلان کر دیا
- 05, فروری , 2025
نیوز ٹوڈے : نو منتخب امریکی صدر (ڈونلڈ ٹرمپ) نے غزہ پر لمبے عرصے تک قبضے کا اعلان کر دیا ـ ڈونلڈ ٹرمپ نے وہائٹ ہاؤس میں اسرائیلی وزیر اعظم (بن یامین نیتن یاہو) کے ساتھ مل کر مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ امریکہ غزہ پٹی پر قبضہ کر لے گا ـ اورامریکہ ہی اس کا مالک ہوگا ـ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس قبضے کا مقصد اس علاقے میں استحکام لانا اور ملازمتوں کی سہولتیں فراہم کرنا ہے ـ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے غزہ پٹی پر امریکہ کا لمبے عرصے تک قبضہ دکھائی دے رہا ہے ـ ہم غزہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ، عوام کو نوکریاں دیں گے اور غزہ کے شہروں کو آباد کریں گے ـ امریکی صدر نے کہا کہ میری مشرق وسطیٰ کے دوسرے رہنماؤں سے بات چیت ہو چکی ہے ، انہیں فلسطینیوں کو غزہ سے منتقل کرنے کا منصوبہ پسند آیا ہے ـ اس منصوبے کے تحت فلسطینیوں کو اردن اور مصر میں جگہ فراہم کی جاۓ گی ـ
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میرا منصوبہ غزہ میں دنیا بھر کے لوگوں کو آباد کرنا ہے ـ ٹرمپ نے کہا میں سعودیہ ، غزہ اور اسرائیل کا دورہ بہت جلد کروں گا ـ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی اس ملاقات میں حماس کے مکمل خاتمے پر بھی غور کیا گیا ـ ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہو جائے لیکن اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوۓ تو یہ ان کی بدقسمتی ہو گی ـ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نے کہا کہ امریکہ کا غزہ پٹی کا کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ تاریخ بدل سکتا ہے ـ

تبصرے