بھارت میں سگے بیٹے نے اپنے باپ کو جلا کر مار ڈالا
- 20, فروری , 2025
نیوز ٹوڈے : بھارت میں پیسے چرانے پر ڈانٹنے پر سگے بیٹے نے اپنے باپ کو زندہ جلا دیا ـ بھارتی میڈیا کی دی گئی رپورٹ کے مطابق ( فرید آباد کے علاقے اجے نگر) میں باپ اور بیٹا ایک کراۓ کے کمرے میں رہائش پذیر تھے ـ باپ نے اپنے 14 سالہ بیٹے کو پیسے چوری کرنے کے شبے میں ڈانٹا ـ جس پر بیٹا طیش میں آ گیا اور اپنے سگے باپ کو زندہ جلا ڈالا ـ اجے نگر کے (ریاض الدین) نامی مالک مکان نے پولیس کو اطلاع دی کہ رات کے 2 بجے محمد علیم نامی اس کے کراۓ دار کی چیخ و پکار کی آوازیں سنائی دیں ـ جس پر وہ بھاگا بھاگا اس کے کمرے کی طرف گیا لیکن کمرہ اندر سے بند تھا ـ
مالک مکان کا کہنا تھا کہ ایک اور پڑوسی کے ساتھ مل کر جب اس نے بالکونی میں جا کر دیکھا تو اس کا کرائے دار محمد علیم آگ میں جل رہا تھا ـ ریاض الدین کے مطابق دروازہ توڑ کر علیم کو بچانے کی کوشش کی گئی لیکن جھلس جانے کی وجہ سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا ـ اور اس کا بیٹا موقع سے فرار ہو چکا تھا ـ پولیس کا کہنا ہے کہ علیم نے جیب سے پیسے غائب ہو جانے پر شبے میں اپنے بیٹے کو ڈانٹا تھا جس پر اس نے اپنے باپ کو آگ لگا دی ـ بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا ـ

تبصرے