اقوام متحدہ کے سینکڑوں ملازمین نے غزہ جنگ کو نسل کشی قرار دینے کا مطالبہ کر دیا
- 01, ستمبر , 2025
نیوز ٹوڈے : بین الاقوامی نیوز ایجنسی "رائٹرز" کی رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے 5 سو سے زائد ملازمین کی طرف سے لکھے گۓ ایک خط میں لکھا گیا کہ 'غزہ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدت کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد نسل کشی کے تمام تقاضے پورے ہو چکے ہیں خط میں لکھا گیا کہ اگر اقوام متحدہ اس جنگ کو نسل کشی قرار دینے میں ناکام ہوتا ہے تو اس سے ادارے کی ساکھ اور انسانی حقوق کے عالمی نظام کو شدید دھچکا پہنچے گا ' ـ خط میں 1994 میں رووانڈا میں ہونے والی نسل کشی پر بھی اقوام متحدہ کی خاموشی کو بھی یاد دلایا گیا ـ
غزہ کی وزارت صحت کی رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 63 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ عالمی اداروں کے مطابق غزہ کے کئی علاقے شدید قحط کا شکار ہیں ـ غزہ شہر پر جاری مسلسل اسرائیلی بمباری سے ہزاروں خاندان اپنا گھر بار چھوڑ کر نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں ـ دوسری طرف رفع میں ریڈ کراس ہسپتال کے عملے کے مطابق گولیوں سے زخمی 31 افراد کو ہسپتال میں لایا گیا جن میں سے 4 تو ہسپتال پہنچتے ہی شہید ہو گۓ ـ عینی شاہدین کے مطابق یہ لوگ امداد کے حصول کیلیے ایک جگہ جمع کھڑے تھے ـ

تبصرے