حماس کو عسکری اورسیاسی شکست دینا ناممکن ہے ، اسرائیلی آرمی چیف
- 16, ستمبر , 2025
نیوز ٹوڈے : صیہونی فوج کے چیف (ایال زامیر) نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ غزہ پر مکمل قبضے کے بعد بھی حماس کو سیاسی اور عسکری شکست نہیں دی جا سکتی ـ اسرائیلی "ٹی وی چینل 12 " کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف نے اسرائیلی وزیر اعظم کو بتایا کہ غزہ شہر پر مکمل کنٹرول کیلیے 6 ماہ لگ سکتے ہیں ـ لیکن اس کے باوجود بھی حماس کو عسکری اور سیاسی طور پر شکست نہیں دی جا سکتی ـ اسرائیلی آرمی چیف نے نیتن یاہو کو یہ بریفنگ ایسے موقع پر دی جب وزیر اعظم کے حکم پر اسرائیلی فوج یرغمالیوں کی سلامتی کو بھی بالاۓ طاق رکھتے ہوۓ پورے کے پورے رہائشی علاقے تباہ کرنے میں مصروف ہے ـ
چینل کے مطابق فوج کے سربراہ نے سیاسی قیادت پر دو ٹوک واضح کر دیا ہے کہ زمینی کارروائی سے کوئی خاطر خواہ نتیجہ حاصل ہونے والا نہیں ـ بند کمرہ اجلاس میں ایال زامیر کا کہنا تھا کہ فیصلہ کن کامیابی کیلیے غزہ کے دیگر علاقوں اور مرکزی کیمپوں تک کارروائی پھیلانا پڑے گی ـ لیکن اس کیلیے اسرائیلی فوج کو ناقابل برداشت شہری چیلنجز کا سامنا ہوگا ـ چینل کے مطابق زمینی آپریشن میں یرغمالیوں کی زندگیوں کو بڑھتے خطرات کے باوجود نیتن یاہو نے طے شدہ وقت کے مطابق کارروائیاں شروع کرنے کا حکم جاری کر دیا ـ

تبصرے