حماس اور اسرائیل نے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر عمل پیرا ہونے کی منظوری دے دی
- 09, اکتوبر , 2025
نیوز ٹوڈے : امریکہ کے صدر (ڈونلڈ ٹرمپ) نے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں امریکہ کی ثالثی میں امن معاہدے کے پہلے مرحلے کی حماس اور اسرائیل کی جانب سے باضابطہ منظوری کا اعلان کردیا ـ امن منصوبے کے پہلے مرحلے میں "تمام یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ کی متفقہ حدود سے صیہونی فوج کے مرحلہ وار انخلاء" کی شرائط شامل ہیں ـ امریکی صدر نے اس پیش رفت کو امن کے ایک لمبے سفر کی پہلی جیت قرار دے دیا اور کہا کہ اس میں دونوں فریقین کے ساتھ برابر کا سلوک کیا جائے گا ـ ٹرمپ نے اس دن کو نہ صرف عرب اور مسلم ملکوں بلکہ اسرائیل ، مشرق وسطیٰ کے تمام ممالک اور امریکہ کیلیے بھی تاریخی دن قرار دے دیا ـ
رپورٹ کے مطابق غزہ میں جنگ بندی کا باقاعدہ اعلان آج کردیا جائے گا اور اس کی تفصیلات کچھ دن بعد منظر عام پر آ جائیں گی ـ دوسری طرف قطری وزیر اعظم نے بھی غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے ، جس میں یرغمالیوں کی رہائی ، جنگ بندی اور انسانی امداد کی بحالی شامل ہے ، پر اتفاق کی تصدیق کر دی ہے ـ اس موقع پر بن یامین نیتن یاہو نے اپنے ایک مختصر سے بیان میں صرف اتنا کہا کہ ہم اپنے تمام یرغمالیو ں کو رہا کروانے کیلیے پر عزم ہیں اور یہ معاہدہ ہمارے شہریوں کی واپسی کی جانب پہلا قدم ہے ـ

تبصرے